عمرکوٹ،میرپورخاص ( عبدالغنی بجیر،حاجی گل حسن آریسر ، نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہےکہ بلی میاؤں میاؤں کرکے الیکشن میں ووٹ کھا جاتی ہے ،ساڑھے تین سال کا حساب مانگنے والے15سال کا مال ہضم کرگئے،بچہ بلاول کرپشن بچانے کیلئے نکلا ہے،تھر میں پینے کا پانی نہیں پنجاب میں حکومت بنانےچلے ہیں جس پرجلسے میں گو زرداری گو کے نعرے گونج اٹھے۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمر کوٹ میں حقوق سندھ مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تھر پارکر اور عمرکوٹ میں ’’ الیکشن میں اس لئے کھڑا ہوا تھا کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کارڈ استعمال کرتی ہے اور سندھ کارڈ کو میںنے ملیا میٹ کردیا ،تاریخ شاہد ہے ہم نے عوام کی خدمت کی ہے ،بچہ بلاول صرف کرپشن کو بچانے کے لئےکراچی سے اسلام آباد تک مہنگائی مارچ لیکر نکلا ہے ، افسوس سندھ کے ایم پی ایزاور ایم این ایز سب نے عوام کے پیسے کو لوٹا اور اپنے گھر بنائے، ہم سندھ کےمظلوم عوام کے لئے حقوق سندھ مارچ کا نعرہ لگا کرنکلے ہیں۔