ملتان(سٹاف رپورٹر )سیاسی و سماجی رہنماؤں نے پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار کی مسجد میں دوران نماز خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئےقیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ نمازیوں کو مسجد میں دہشت گردی کا نشانہ بنانا نہایت بزدلانہ اقدام ہے۔امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا عالمی طاقتیں پاکستان میں امن کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔پشاور دھماکہ ظلم و بربریت کی مثال ہے۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری الحاج محمد اشرف قریشی نے پشاور کی جامع مسجد میں دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سانحہ قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان کے حکمران افغانستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور افغانستان کی جانب ابھی تک سکون کی ہوا نہیں آئی یہ صوبائی حکومت کی ناکامی اور انتظامیہ کی غفلت ہے۔) پاکستان منیارٹیز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ایم ڈی پی)کے چیئرمین عابد چاند کی زیر صدارت سانحہ پشاور کے سلسلے میں تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں فاروق پال،موجد تنویر،فیصل سرفراز، شاہد گل،جاوید فرانسس،سراج مسیح، دومینک لوئیس،قیصر سردار،ندیم سرفراز،عمران چاند ودیگر نے شرکت کی اجلاس میں سانحہ پشاور کی شدید مذمت کی گئی ۔تحفظ عزاداری امام حسین کونسل کے مرکزی صدر خاور شفقت بھٹہ نے رسالدار جامعہ مسجد خود کش دھماکے میں بے گناہ جاں بحق معصوم لوگوں اور زخمیوں کے سانحہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔