ٹنڈو الہ یار، تلہار، بدین (نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران کے خوف سے اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو گئیں، سندھ کے لوگ کسی مسیحا کی تلاش میں ، اشارے واضح ہیں کہ سندھ کی ہوا کس جانب چل رہی ہے.
زرداری سے لوگ بری طرح مایوس ہیں، سندھ بھی تبدیلی کیلئے تیار ہے، 2023میں جب آپ بلے پر مہر لگائینگے تو تیر ٹوٹے گا اور سندھ جڑے گا، کراچی میں ہم ابھی داخل نہیں ہوئے لیکن وہاں ہمارے بینرز اتار دیئے گئے، اپوزیشن جماعتوں کے آپس میں دل صاف نہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کیساتھ مخلص نہیں، بدین نے تیر کو توڑ دیا .
بلاول کا بدین کا جلسہ سرکاری وسائل پر اور کل کا جلسہ فقیروں کا جلسہ تھا، بلاول اورزرداری کی کرپشن مستردکرنے پرملتان والوں کومبارکباددیتاہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’سندھ حقوق مارچ‘‘ تلہار میں عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب اور بدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جلسے سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر سید علی زیدی، جنرل سیکرٹری سندھ مبین جتوئی اور پی ٹی آئی اراکین اسمبلی اور پارٹی کے دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔
علی زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 15سال سے پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ کو تباہ کیا جا رہا ہے، سب سے بڑی سازش کا نام آصف علی زرداری ہے۔ سندھ حقوق مارچ کے ساتویں دن مارچ بدین سے شروع ہوتا ہوا تلہار، ماتلی، ٹنڈو محمد خان، اور دیگر شہروں سے گذرتے ہوئے ٹنڈوالہیار پہنچا۔
مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جبکہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ عوام کی بڑی تعداد نے سندھ حقوق مارچ کا پرتپاک استقبال کیا۔قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حقوق مارچ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بھر پور موجودگی ایک بار پھر ثابت کریگی کہ کراچی پی ٹی آئی کا قلعہ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کچھ ترجمان بیانات دے رہے تھے کہ قریشی خالی کرسیوں سے خطاب کر رہے ہیں میں انہیں پی ٹی آئی کے تمام عوامی اجتماعات کی فوٹیج بھیج رہا ہوں تاکہ وہ خاص طور پر حقیقت کو جان سکیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنگ زدہ یوکرین سے پاکستانی طلبا کے انخلا میں تعاون پر پولینڈ، رومانیہ اور ہنگری کے وزرائے خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال قابو سے باہر ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مخدوم شاہ محمود نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد پیپلز پارٹی وفاق سے پیسے نہ ملنے کا بہانہ نہیں بنا سکتی۔ گزشتہ 14 سالوں میں سندھ نے وفاق سے 8900 ارب روپے وصول کیے جب 1400 ارب روپے کرپشن کی نذر ہوگئے۔
ٹنڈو محمد خان میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہاکہ پشاور میں افسوسناک دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے جسکی پرزور مذمت کرتے ہیں بحیثیت وزیر خارجہ مجھے علم ان دہشت گردی کے واقعوں میں کون ملوث ہے کون وسائل مہیا کرتا ہے اور کون ہے جو پاکستان میں عدم استحکام چاہتا ہے.
پاکستان کی قوم نے یکجا ہوکر فوج، پولیس و دیگر اداروں سے ملکر دہشت گروں کو شکست دی ہے لیکن کچھ قوتوں کو یہ ہضم نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا آج ہمارے سیاسی مخالفین جو کر رہے ہیں وہ بھی بے یقینی پیدا کرنے کی سازش ہے تاکہ پاکستان کی قوم پھر فکرمند ہو جائے۔ اپنے اقتدار اور اپنے آپ کو احتساب کے عمل سے بچانے کے لئے اپوزیشن والے یہ سارا ناٹک لگا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور اور پی ٹی آئی سندھ کے صوبائی صدر سید علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جھوٹے مقدمات درج کر کے انکی زمینوں پر قبضہ کرنا شروع کر دیا سندھ کے عوام نے سندھ حقوق مارچ میں شرکت کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے 14 سالہ طویل دور میں سندھ میں تعلیم پر توجہ نہیں دی۔