اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)سانحہ جامع مسجد کوچہ رسالدار پشاور کے خلاف اتوار کو ملک بھر میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے،ہیڈکوارٹرز مکتب تشیع میں ٹی این ایف جے کورکمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے قائدملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ جب نصابوں میں عصبیت کا زہر بویا جائے گا تو خود کش بمبار ہی پھوٹیں گے۔حامد موسوی نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہیدوں کے خون کا حساب لیا جاتا تو کوچہ رسالدار کی جامع مسجد کبھی خون میں نہ نہاتی۔ دہشت گردوں کو عبرتناک سزائیں دیے بغیر آگ اور خون کا کھیل نہیں رکے گا،انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنے والے اداروں میں سنجیدگی کا فقدان ہے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے عہدیداران پر حملے ہوئے انہیں متواتر دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن انتظامیہ کاروائی کرنے سے گریزاں ہے۔دریں اثنااسلام آباد میں قصر خدیجۃ الکبریؓ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت علامہ بشارت امامی، علامہ فخر عابدی اور دیگر رہنماؤں نے کی۔علاوہ ازیں ٹی این ایف جے ضلع راولپنڈی کے زیراہتمام سیدپوروڈپرٹی این ایف جے کے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری، سیدمحمد مرتضیٰ موسوی، علامہ سیدتصورحسین نقوی اوردیگررہنماؤں کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔