اوکاڑہ (نمائندہ جنگ)گزشتہ روز بلاول بھٹو لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اوکاڑہ پہنچے ، ان کی آمد اس حوالے سے اہم قرار دی جا رہی تھی کہ 26سال بعد بھٹو خاندان کے فرد نے اوکاڑہ کا دورہ کیا،چند ہفتے قبل پیپلز پارٹی نے اوکاڑہ میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں متاثر کن کسان ٹریکٹر مارچ کیا،امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ بلاول بھٹو کی اوکاڑہ آمد کے موقع پر اہم سیاسی و انتخابی شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہو سکتی ہیں،امکانی طور پر ماضی میں پیپلز پارٹی کی حکومت میں اہم مناصب پر متمکن رہنے والی شخصیات کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے نام لیا جا رہا تھا تاہم بلاول بھٹو کی آمد،استقبال اور روانگی کے بعد جہاں پر ان کا متاثر کن استقبال سیاسی حلقوں میں موضو ع بحث رہا وہاں پر سیاسی حلقے کسی بڑی سیاسی شخصیت کی پیپلز پارٹی میں عدم شمولیت بھی بحث کا عنوان رہی۔