• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے پی ایس سانحے میں بچ جانے والا طالبعلم بینظیر بھٹو کے بعد آکسفورڈ ڈبیٹ سوسائٹی کا دوسرا پاکستانی صدر منتخب

کراچی (نیوز ڈیسک) پشاور میں اے پی ایس پر حملے میں بچ جانے والے طالب علم احمد نواز برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی یونین کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ 

اے پی ایس واقعے کے وقت احمد نواز کی عمر 14؍ برس تھی، حملے میں ان کے بھائی شہید ہوگئے تھے۔ 2014ء میں پیش آنے والے اس سانحے میں 150؍ افراد شہید ہوئے تھے۔ 

احمد نواز حملے میں زخمی ہوئے تھے اور انہوں نے اپنی جان شہید ہونے والے افراد کے درمیان لیٹ کر مردہ ہونے کی ایکٹنگ کرتے ہوئے بچائی۔ 

بعد ازاں انہیں علاج کیلئے برطانیہ کے شہر برمنگھم منتقل کر دیا گیا تھا، صحت یابی کے بعد انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا جہاں وہ فلسفہ اور دینیات کے اسٹوڈنٹ ہیں۔

 اب وہ دوسرے پاکستانی بن گئے ہیں جو آکسفورڈ یونین کے صدر ہیں۔ ان سے قبل یہ اعزاز پاکستان کی سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کو حاصل تھا۔

 برطانوی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے احمد نواز نے بتایا کہ الیکشن میں کامیابی کی خبر سن کر انہوں نے سب سے پہلے اپنی والدہ کو فون کیا۔ انہیں حریف کے مقابلے میں 500؍ ووٹ ملے۔

 انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ آکسفورڈ کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی میں زیادہ سے زیادہ تنوع آئے اور لوگ مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سب سے بڑی کامیابی جی سی ایس ای انگریزی کے امتحانات میں اے گریڈ سے کامیابی حاصل کرنا تھی وہ بھی ایسے ملک میں جہاں وہ انگریزی بولنا نہیں جانتے تھے۔