لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو آکسفورڈ میں ان کی رہائش گاہ پر گلدستہ بھیجا ہے، جہاں وہ بیٹے علی ترین اور فیملی کے ساتھ مقیم ہیں۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شریف جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین سے رابطے میں ہیں، جنہوں نے اپنے والد کی جانب سے یہ گلدستہ انہیں نیوبری کنٹری سائیڈ ہائوس میں بھیجا ہے۔
جہانگیر کی نوازشریف سے ابھی ملاقات نہیں ہوئی لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز کے جہانگیر کے ساتھ روابط سے ہونے والی پیش رفت کو نوازشریف کی خاموش منظوری حاصل ہے۔ فریقین کے ذرائع نے جنگ کو تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہباز شریف نے جہانگیر ترین کیلئے نیک تمنائیں اور تہنیتی پیغام بھیجا ہے، جو 10 روز قبل علاج کی غرض سے برطانیہ پہنچے تھے۔
یہ پیش رفت شہباز اور جہانگیر کی لاہور میں ماڈل ٹاؤن کے ایک گھر میں ملاقات کے دو ہفتے بعد ہوئی ہے۔ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ دونوں فریقوں کے درمیان خاصی پیش رفت ہوئی ہے۔ لاہور میں ملاقات کے بعد سے ترین اور شریف خاندان کے درمیان باقاعدہ رابطہ ہے۔ حکمران جماعت پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کو ہفتے کو لندن میں ہارلے اسٹریٹ کے قریب ایک پرائیویٹ کلینک سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ترین تقریباً ایک ہفتے تک زیر علاج رہنے کے بعد آکسفورڈ کے قریب نیوبری میں واقع اپنے کنٹری ہائوس منتقل ہو گئے۔ ترین کی طبیعت اب بہتر ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ ترین مزید ایک ہفتہ برطانیہ میں قیام کریں گے اور ڈاکٹروں کے مشورے پر پاکستان جائیں گے۔ ترین کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے انگلینڈ میں اپنا وقت آرام کرنے اور صحت پر توجہ دینے میں گزارا۔ وہ پاکستان میں اپنے سیاسی اتحادیوں سے رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ ترین 26 فروری کو طبیعت خراب ہونے پر لندن روانہ ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ ایک ہفتے لاہور کے پرائیویٹ ہسپتال میں داخل رہے تھے۔ تاہم انہوں نے سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی ہیں اور انہوں نے برطانیہ سے ایک اہم اجلاس کی ورچوئل صدارت کی ہے، جس میں پی ٹی آئی رہنما علیم خان بھی شریکت تھے۔ اس اجلاس کو پنجاب میں پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے کی اپوزیشن کی کوششوں کے درمیان ایک اہم سیاسی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔