لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ موجودہ پاکستان میں عورت کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، خواتین کو جہیز کی بجائے وراثت میں حق دیا جائے،خواتین کو بے پردگی اور گھر سے نکلنے پر مجبور نہ کیا جائے، حقوق کے نام پر عورت کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے، مغربی کلچر کی یلغار قبول نہیں، ملک کی بنیاد نظریاتی، اسلام عورت کے حقوق کا مکمل ضامن ہے.
شیطانی نظام نے خاندانی نظام تباہ کر دیا، عورت جتنی مظلوم آج ہے پہلے کبھی نہ تھی، جدیدیت اور مادیت پرستی کے دور میں خواتین کو بازار کی زینت اور بکاؤ مال کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے.
ظالم سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے وفادار عورت پر ظلم کے ذمہ دار ہیں، پاکستان کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھا رہی ہیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اسلام آباد پریس کلب کے سامنے خواتین ریلی کی شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔