اسلام آباد، لاہور(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) بدھ کے روزقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اسلام آباد میں میاں اسلم کی رہائشگاہ پہنچے تو امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انکا استقبال کیا،مریم اورنگزیب اور سعد رفیق بھی انکے ہمراہ تھے،شہباز شریف نے عدم اعتماد کے حوالے سے سراج الحق سے بھی ووٹ مانگ لیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عدم اعتماد پر جماعت اسلامی ساتھ دے، یہ بائیس کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ہمارے سامنے آپشنز رکھے ہیں،ہم نےاپنی مرکزی مجلس عاملہ کااجلاس آج طلب کیا ہے، فیصلہ مشاورت کے بعدکیا جائے گیا۔ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے بھی امیر جماعت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔