اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جمعرات کو پولیس خدمت مرکز ایف سکس کا دورہ کیا،آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس بھی ان کے ہمراہ تھے،وزیر داخلہ نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قائم کیے گئے یونٹ "میثاق"سمیت پولیس خدمت مرکز کے کام کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ وزیر داخلہ نے پولیس خدمت مرکز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ جنوبی ایشاء کا 28سہولیات فراہم کرنے والا پہلا خدمت مرکز ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے۔اسلام آباد پولیس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے تنخواہیں بڑھانا بہت ضروری ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے وزیر داخلہ کو بریف کیاکہ پولیس خدمت مرکز میں اقلیتی برادری کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی یونٹ میثاقʼʼ قائم کیاگیا ہے۔