• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب میں ایک ہی روز 81 افراد کے سر قلم کردیئے گئے

ریاض (جنگ نیوز )سعودی عرب میں ایک ہی روز تاریخی پھانسیاں دی گئی ہیں، تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے ایک ہی دن میں 81 مجرمان کو سزائے موت دی ہے۔ 

سعودی سلطنت کی حالیہ تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایک ہی دن میں اتنے زیادہ افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی نے پھانسیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے، ان میں وہ مجرمان شامل تھے، جو مختلف جرائم کے مرتکب ہوئے اور جنہوں نے مردوں، بچوں اور خواتین کو قتل کیا۔‘‘ 

جاری ہونے والے بیان کے مطابق جن مجرموں کو پھانسی دی گئی ہے، ان میں سے کچھ القاعدہ اور داعش کے رکن تھے جبکہ یمنی حوثی باغیوں کو معاونت فراہم کرنے والوں کو بھی پھانسی دی گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ملزمان کو اٹارنی کا حق فراہم کیا گیا تھا اور عدالتی کارروائی کے دوران سعودی قانون کے تحت ان کے حقوق کی مکمل ضمانت فراہم کی گئی تھی۔ 

ملکی عدالتی نظام نے انہیں متعدد گھناؤنے کام کرنے کا مجرم پایا، ایسے جرائم، جن کے نتیجے میں شہری اور قانون نافذ کرنے والے افسروں کی ایک بڑی تعداد ہلاک ہوئی۔‘‘

جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت مستقبل میں بھی ایسے سخت اقدامات جاری رکھے گی، سعودی سلطنت ملک میں دہشت گردی اور اُن انتہا پسندانہ نظریات کے خلاف ایک سخت اور اٹل موقف اختیار کرتی رہے گی، جن سے پوری دنیا کے امن اور استحکام کو خطرہ ہے۔‘‘

اہم خبریں سے مزید