• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا آئینی و جمہوری حق ہے، سراج الحق

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا آئینی و جمہوری حق ہے،طلبہ یونینز پر پابندی ملک کو باشعور سیاسی قیادت سے محروم رکھنے کی سازش ہے، وزیراعظم اپوزیشن کو رگیدنے کی بجائے حکومت کی پونے چار سالہ کارکردگی بتائیں، تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا آئینی و جمہوری حق، وزیراعظم کنٹینر پر سوار ہونے کی بجائے سامنا کریں،ملک کا ہر حکمران خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، جماعت اسلامی شفاف اور متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ہم تینوں بڑی سیاسی جماعتوں میں کوئی بڑا فرق نہیں سمجھتے۔ جماعت اسلامی کی لڑائی چہرے بدلنے کی بجائے نظام بدلنے کے لیے ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کی مرکزی مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ ملک بھر میں طلبہ یونین پر لگائی گئی پابندیاں ختم کی جائیں، طلبہ یونینز پر پابندیاں ملک کو باشعور سیاسی قیادت سے دور رکھنے کی سازش ہے، پی ٹی آئی نے دیگر وعدوں کی طرح ملک کو یکساں نظام تعلیم دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ پی ٹی آئی کے دور میں فیسوں میں اضافہ ہوا، ایچ ای سی کے فنڈز روکے گئے اور میڈیکل سمیت دیگر شعبوں میں تعلیم کے دروازے غریبوں کے لیے بند ہو گئے۔ہمارا عزم ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کا نظام رائج کر کے ملکی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔ عدالتوں، ایوانوں میں اسلامی نظام متعارف کرائیں گے۔ جماعت اسلامی طلبہ یونینز بحال کرے گی،زرعی گریجوایٹس اور ڈپلومہ ہولڈرز کو مفت زرعی زمین الاٹ کرے گی۔
اہم خبریں سے مزید