اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ،جنگ نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مسلم لیگ ق کے حوالے سے دیےگئے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز کسی نے سوال پوچھا تو میں نے کہا کہ پانچ سیٹوں والے بھی بلیک میل کر رہے ہیں، میں نے ق لیگ اور چوہدریوں کا نام نہیں لیا، بلیک میلنگ والی بات کی تو لوگ خفا ہوگئے، اس میں کیا بڑی بات ہے، میں خود اعتراف کر چکا ہوں، یہ بات تو میں نے اپنی کتابوں میں لکھی ہے،چوہدری شجاعت میرا بھائی ہے،کبھی ان کے خلاف بات نہیں کروں گا، امتحان کے وقت دوستوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔دوسری طرف و فاقی وزیر آبی وسائل مونس الہٰی نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید صاحب غلط فہمی دور کرنے پر آپ کا شکریہ، گزشتہ روز اپنے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر وفاقی وزیرمونس ا لہٰی نے لکھا میں بھی آپ کی عزت اس طرح کرتا ہوں جس طرح آپ میرے بزرگوں کی کرتے ہیں۔