کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ اپوزیشن نے ایم کیو ایم کے مطالبات تسلیم کرلئے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی نے گرین سگنل دے دیا ہے ، ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے ساتھ سندھ کی گورنر شپ ، بلدیات سمیت 6وزارتوں ، بلدیاتی قانون میں ترامیم واپس لینے اور ملازمتوں میں شہری نوجوانوں کو 40فیصد کوٹہ دینے پر معاہدہ ہوگا جس کے ضامن جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف ہوں گے ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے ایم کیو ایم کو تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینے پر اس کے تمام مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے سندھ اور وفاق میں وزارت دینے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق اسی بناء پر ایم کیو ایم نے اتوار کو وزیر اعظم اور گورنر سندھ کو حکومت کی حمایت جاری رکھنے کے اپنے واضح فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کا وفد اگلے دو دن میں کراچی آئے گا اور ایم کیو ایم کے مرکز جاکر معاہدے کو حتمی شکل دے گا ، سندھ کی گورنر شپ ، صوبائی کابینہ میں بلدیات سمیت 6؍ وزارتیں دینے، بلدیاتی ترامیم کو واپس لینے، ملازمت میں شہری نوجوانوں کو 40 فیصد کوٹہ دینے پر معاہدہ کیا جائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ پی پی کی اعلیٰ قیادت نے اپوزیشن کو اس حوالے سے گرین سگنل دے دیا ہے، معاہدے پر عمل در آمد کیلئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اہم رہنما شہباز شریف ضامن کا کردار ادا کریں گے۔