اسلام آباد (ایجنسیاں)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت الگ الگ نہیں‘دونوں نے ساتھ چلنا ہوتا ہے‘ہم نہیں اپوزیشن گھبراہٹ میں ہے ‘جو جانا چاہتا ہے وہ استعفیٰ دے اور جائے ورنہ عوام کو جواب دینا پڑے گا ‘ حکومت کہیں نہیں جارہی‘ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور ساتھ ہی رہیں گے۔منگل کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ پتا نہیں آپ کو کیوں نظر آرہا ہے کہ حکومت جا رہی ہے؟ میں آپ کو یقین سے کہتا ہوں کہ حکومت کہیں نہیں جارہی‘ووٹنگ والے دن ہمارا کوئی رکن پارلیمنٹ نہیں جائے گا۔پرویز خٹک نے کہا کہ ہفتے 20 دن میں آرمی چیف سے ملاقات ہوجاتی ہے‘عمران خان بہت زیادہ پراعتماد ہیں، سیاسی جماعتوں کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، جس نے جانا ہے استعفیٰ دے دے ورنہ اس طرح حلقے کے عوام سے دغا ہوگا،اگر عدم اعتماد کی تحریک میں حصہ لینے کا شوق ہے تو استعفیٰ دیکر مقابلہ کرے۔ عدم اعتماد کی تحریک والے دن دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔