• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو آپس میں لڑانے سے جمہوریت ختم ہو جائیگی، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ عوام کو آپس میں لڑانے سے جمہوریت ختم ہو جائے گی، ماضی میں جب بھی سیاست دان آپس میں دست و گریبان ہوئے ،اس کے نتیجے میں سیاست اور جمہوریت دونوں کی چھٹی ہوئی، حادثہ کی صورت میں ٹریفک پولیس خودبخود سامنے آ جاتی ہے، نظام نہیں چلتا تو نئے انتخابات بہترین آپشن ہے تاکہ عوام اپنی مرضی سے اپنے نمائندے چن سکیں، جماعت اسلامی شفاف انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے، حکومتی رویہ تصادم اور ملک کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کا منصوبہ ہے، وزیراعظم اور وزرا سیاسی مخالفین کا تمسخر اڑا رہے ہیں، حکمرانوں کی گھبراہٹ اور پریشانی واضح ہے، بڑی اپوزیشن جماعتیں بھی ہوش کے ناخن لیں، اسلام آباد کے سیاسی دنگل میں کوئی عوام کی بات نہیں کر رہا، کرسی بچانے اور کرسی چھیننے کیلئے جنگ لڑی جا رہی ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے مزید کہا کہ قوم جاگیرداروں اور وڈیروں میں مفادات کی خاطر ہونے والی لڑائی کی شاہد ہے، 74برسوں سے یہی کھیل جاری ہے، قراردادِ مقاصد اور آئین پاکستان کو روندا جا رہا ہے، ملک کے حصول کا حقیقی مقصد حاصل نہیں ہو سکا، حکمران اشرافیہ نے قوم کو مختلف تعصبات میں بانٹا اور اپنے اقتدار کو طوالت دی، اب یہ تماشا بند ہونا چاہیے، عوام جاگ گئے ہیں، ملک کا پڑھا لکھا نوجوان اپنا حق مانگ رہا ہے، اوورسیزپاکستانیوں کے لیے پارلیمنٹ میں مخصوص نشستیں مختص کی جائیں تاکہ ایوانوں میں ان کی حقیقی ترجمانی ہو۔

اہم خبریں سے مزید