چارسدہ(نمائندہ جنگ) چارسدہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کے ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے غیر قانونی ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف آپریشن عمل میں لایا گیا جہاں پر زرعی زمینوں پر قائم درجنوں ہائوسنگ سوسائٹیز کے دفاتر کو مسمار کیا گیا ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ خوراک کی قلت پیدا ہونے کا خدشہے کے باعث حکومت نےا سکیموں پر فوری پابندی عائد کی ، آپریشن کے دوران متعدد پراپرٹی مالکان کے خلاف مقدمات درج کرنے کے لئے پولیس کو مراسلے بھجوائے گئے ۔تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کی واضح ہدایات پر چارسدہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے زرعی زمینوں پر قائم غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف گرینڈ آپریشن عمل میں لایا گیا ۔ آپریشن کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد علی اور ٹی ایم اے انکروچمنٹ آفیسر زوہیب باچا کر رہے تھے ۔ اس موقع پر چارسدہ میں زرعی زمینوں پر قائم درجنوں ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف آپریشن عمل میں لایاگیا جس میں غیر رجسٹرڈ ہائوسنگ اسکیموں کے دفاتر کو مسمار کیا گیا ۔ اس موقع پر زرعی زمینوں پر قائم غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرنے کے لئے پولیس کو مراسلے بھی بھجوائے گئے ۔