اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پہلے بھی کئی بار کہہ چکا ہوں کہ پاکستان کو اندورنی و بیرونی خطرات ہیں‘کہیں ایسا نہ ہو کہ عدم اعتماد ملک کو جمہوری عدم استحکام اور عدم اطمینان کی طرف منتقل کردے‘.
اسلام آباد میں پولیس ‘ رینجر اور ایف سی کو 20 مارچ سے 2اپریل تک خصوصی اختیارات دیے جارہے ہیں‘ فضل الرحمان بپھرے پڑے ہیں اور وحشی جٹ بنے ہوئے ہیں‘اگر ملک میں خانہ جنگی ہوئی تواس کی قیمت مولاناکو چکانی پڑے گی‘سب انہیں چھوڑجائیں گے ‘یہ دھرلئے جائیں گے ‘.
اپوزیشن نے 23 مارچ کو اسلام آباد نہ آنے کا فیصلہ کرکے عقل مندی کامظاہرہ کیا‘ اب جیتے یا ہارے فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا‘ پورا ملک عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے‘امید ہے ق لیگ اور اتحادی عمران خان کا ساتھ دیں گے‘ مجھے 102فیصد یقین ہے کہ عمران خان ہی جیتے گا‘میری پرویز الٰہی سے کو ئی بات نہیں ہوئی لیکن آج سے ہی اتحادی اعلان کرنا شروع کر دیں گے کہ وہ حکومت کے ساتھ ہیں ‘.
25مارچ کو میدان عمران خان کے حق میں ہو جائے گا‘وزارت داخلہ اسٹیبلشمنٹ کا حصہ ہے اور چولی دامن کا ساتھ ہے‘سیاست سے اسٹیبلشمنٹ دورہےجو بہت اچھی بات ہے ۔بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ حکومت 25 مارچ اور 27 مارچ کے دونوں جلسوں کو مکمل سکیورٹی اور تحفظ فراہم کرے گی۔
یہ فیصلہ اسپیکر کریں گے تمام لوگوں کو پروٹیکشن دی جائے ، ہمارا کسی سے ذاتی کوئی مسئلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر حیرت ہے لاٹھیوں کی بات کررہے ہیں، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نکل جائیں گی آپ دھر لیے جائیں گے، انہیں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا پتہ ہے‘شیخ رشید نے کہاکہ اسپیکر سے پوچھوں گا کہ کس دن ووٹنگ ہورہی ہے،ا سپیکر 63 اے کےتحت کسی کا بھی ووٹ منسوخ کر سکتےہیں‘میں وزیراعظم کو فاتح دیکھ رہا ہوں‘25مارچ کے بعد عمران خان کی مقبولیت اور بڑھ جائےگی۔