اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جمعرات کی رات منسٹر کالونی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کی جو رات 12 بجے تک جاری رہی۔ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کے مختلف پہلوؤں اور پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے سندھ ہاؤس میں منظر عام پر آنے کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید کے وزیر اعظم عمران خان کو سندھ میں گورنر راج نفاذ کے مشورے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، (ن) لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور سابق وزیر اعلی کے پی کے درانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف بھی کچھ دیر کے لئے مشاورت میں شامل ہوئے۔