پشاور(نمائندہ جنگ )پشاور ہائیکورٹ کی جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عتیق شاہ پرمشتمل بنچ نے خیبرپختونخوامیں پہلے مرحلے میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کی منتقلی کامرحلہ 10روزمیں مکمل کرنے کی ہدایت کردی ، دوران سما عت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل رب نواز خان اور درخواست گزار وکیل بابرخان یوسفزئی عدالت میںپیش ہوئے۔ رٹ میں موقف اختیار کیاگیا کہ خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 17اضلاع میں19دسمبر کو الیکشن کا انعقاد کیا گیا، کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے با جو د ان کو اختیارات منتقل نہیں کئے گئے ،کے پی لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ 2019کی شق 79(1) کے مطابق نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد 15دن میں اختیارات منتقل کرکے اجلاس بلایاجاتاہے۔متعلقہ ایکٹ کے سیکشن78(1) اور 80(1) کے مطابق منتخب چیئرمین اور ممبران آفس جوائن کرنے سے پہلے حلف اٹھائیں گے جبکہ پہلے مرحلے میں کامیاب ہونے والے چیئرمین اور ممبران سے اب تک حلف نہیں لیا گیا، بلدیاتی نمائندوں کواختیارات منتقل نہ ہونے سے 17اضلاع کے عوام متاثر ہورہے ہیں۔