کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سندھ ہاؤس پر دھاوا افسوسناک بات ہے، کوتاہی برتنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف ایکشن ہوگا، واقعہ جو بھی ملوث ہے اسے گرفتار کیا جائے گا،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے، پی ٹی آئی کے منحرف رہنما عامر گوپانگ نے کہا کہ قسم کھاتا ہوں عدم اعتماد کے سلسلے میں کسی سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا اور نہ ہی مجھے ایسی کوئی پیشکش کی گئی،رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف نجیب ہارون نے کہا کہ پارٹی میں ناراضی ہوتی ہے میں نے ایک دفعہ استعفیٰ بھی دیا تھا، پارٹی کے طریقہ کار اور کارکردگی پر میرے تحفظات ہیں لیکن پارٹی کی پالیسی کے ساتھ کھڑا ہوں، تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی تو عمران خان کی سپورٹ کروں گا، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کیلئے یہ فیصلہ مشکل ہے کہ عمران خان وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے کر کسی اور رکن کو آگے لے آئیں۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر دھاوا افسوسناک بات ہے، کوتاہی برتنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف ایکشن ہوگا، واقعہ جو بھی ملوث ہے اسے گرفتار کیا جائے گا، ان لوگوں نے قانون ہاتھ میں لیا اب قانون انہیں ہاتھ میں لے گا، ملک میں انارکی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، عدم اعتماد کے معاملہ کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے، او آئی سی کے لوگ کل پرسوں آنا شروع ہورہے ہیں، اگر معاملات حل نہ ہوئے تو آرٹیکل 245کے تحت فوج کے حوالے کرنا پڑجائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ ہاؤس پر حملہ افسوسناک واقعہ ہے، شیخ رشید پولیس کو ذمہ دار ٹھہرارہے ہیں تو ان کیخلاف ایکشن لیں، پی ٹی آئی کے دو ایم این ایز کی نشاندہی ہوئی ہے ان کیخلاف درخواست دے رہے ہیں، سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے، توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی شناخت ہوئی ہے انہیں گرفتار کریں، ایسا نہیں ہوتا تو ہم سمجھیں گے یہ حملہ حکومت کی ایما پر ہوا ہے۔