پشاور (جنگ نیوز)اسلامیہ کالج پشاور یونیورسٹی میں انسداد ہراسانی پر سیمینار ہوا جس کی صدارت ریجنل کمشنر برائے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی رباب مہدی نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر پروفیسر اظہار اللہ اظہار اور رجسٹرار یونیورسٹی منصور قاسم جلالی بھی موجود تھے۔ شہاب خان نے ہراسانی ایکٹ 2010ء کے تحت ہراسانی کیخلاف پالیسی اور انکوائری کمیٹیوں کے بارے میں تفصیل بیان کی۔رباب مہدی نے کہا کہ بہت سی خواتین کو مختلف مقامات پر ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن حکومت کے بنائے فورمز سے آگاہی کی کمی کی وجہ سے اس کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہو پاتی۔ ظلم کو برداشت کرنا بھی ظلم ہےاس لئے ہمیں آواز اٹھانی ہو گی۔ اگر آپ تیزی سے جانا چاہتے ہیں تو اکیلے جائیں۔ اگر آپ دور تک جانا چاہتے ہیں تو اکٹھے جائیں۔ ہراسانی کے خلاف تحفظ اورخواتین کے حقوق کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔اس موقع پر اظہار اللہ اظہار نے کہا کہ ہراسانی ایک قبیح جرم ہے۔ اور ادارے میں اس کے سدباب کے لئے جامع اصول وضع کئے گئے ہیں۔