• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ،انتخابی گروپس رجسٹر یشن،اے سیز کو اختیار دیدیا گیا

راولپنڈی ( اپنے رپورٹرسے) الیکشن کمیشن نے راولپنڈی ضلع میں انتخابی گروپس رجسٹر کرنے کے لئے متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اختیار دیدیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے 9 مجاز افسران کا تقرر کیا گیا ہے جو 24 سے 28 مارچ تک گروپس کی رجسٹریشن کریں گے۔ یہ بات ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن ون راولپنڈی کی طرف سے جاری مراسلہ میں کہی گئی ہے۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن، راولپنڈی کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ون راولپنڈی اور ڈسٹرکٹ کونسل کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ٹو،راولپنڈی کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ضلع راولپنڈی کی سات تحصیلوں میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر انتخابی گروپس رجسٹر کرنے کے مجاز افسر ہوں گے۔شیڈول کے مطابق 24 سے 28 مارچ تک مجاز افسران کے پاس گرویس اندراج کروانے کے لئے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ یکم اپریل تک مجاز افسران درخواستوں کی جانچ پڑتال کریں گے۔ 6 اپریل تک مجاز افسران گروپس کے اندراج کا تصدیقی سٹیفکیٹ جاری کر دیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے لئے انتخابی گروپس رجسٹر کرنے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ آزادحیثیت میں کوئی شخص بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا۔ انتخابی گروپ کی تکمیل اور اس کا اندراج الیکشن کمیشن میں ہونا ضروری ہے۔ امیدواران جوکسی بھی سیاسی جماعت کے الیکشن پر ٹکٹ لڑنانہیں چاہتے وہ اپنے گروپ کو رجسٹر کروائیں تا کہ بلدیاتی انتخابات لڑنے کے اہل ہوسکیں۔
اسلام آباد سے مزید