اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے سندھ حکومت کے آمرانہ طرز حکومت کی مذمت کرتے ہوئے گرفتار مظاہرین فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے،فرخ حبیب نے کہا کہ کیسی جمہوری حکومت ہے جو پرامن احتجاج پرمقدمات درج کررہی ہے ۔ سندھ حکومت کی جانب سے پرامن مظاہرین کے خلاف پولیس ایکشن پر اپنے ردعمل میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج شہریوں کا بنیادی جمہوری حق ہے ، سندھ کی آمرانہ حکومت شہریوں کے جمہوری حق پر ڈاکہ نہیں ڈال سکتی ، دریں اثناوزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہےسندھ حکومت اور پولیس فوری طور پر پی ٹی آئی کارکنوں کو رہا کریں، سندھ حکومت کا غیر جمہوری رویہ سب پر عیاں ہوچکا ہے،یہ کیسی جمہوری حکومت ہے جو پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کررہی ہے۔