اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے مسلم دنیا کے بہت سے حکمرانوں کے پاس وہ اخلاقی قوت ہی نہیں ہے کہ وہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ لڑسکیں‘ پاکستان میں ہم اس کی مثال دیکھ چکے ہیں‘ اگر حکمرانوں کی جائیدادیں بیرون ملک پڑی ہوں گی تو وہ کیا خاک مسلمانوں کا مقدمہ لڑیں گے۔ منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسدعمر کا کہنا تھا کہ مجھے پتا چلا ہے کہ ہمارے ساتھی احمد حسین ڈیہڑ کی جانب سے بڑا اچھا بیان آیا ہے، مجھے یقین ہے کہ ہمارے اور بھی ساتھیوں کی جانب سے اسی طرح کے بیان آئیں گے، انشا اللہ عدم اعتماد پر جب ووٹنگ ہوگی وزیراعظم عمران خان کو کامیابی حاصل ہوگی۔موجودہ سیاسی صورتحال کو ایک عام عدم اعتماد کی تحریک نہ سمجھیں‘یہ پاکستان کے مستقبل کے تعین کے لیے مقابلہ ہورہا ہے، ہمارا اب بھی یہی ماننا ہے کہ عمران خان کو اس جدوجہد کے اندر بھی کامیابی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام لوگ جو پاکستان کو خوددار ملک کے طورپر دیکھنا چاہتے ہیں ان سب کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ 27 تاریخ کو جلسے میں شرکت کے لیے آئیں، اس دن تمام دنیا کی نظر اسلام آباد پریڈ گرائونڈ پر ہوگی۔