• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی نمبر ایک خاتون پلیئر ایشلے بارٹی تھگ گئیں، ٹینس سے ریٹائر، ساتھی پلیئرز اور پرستار حیران

میلبورن (جنگ نیوز) دنیائے ٹینس کی نمبر ون کھلاڑی ایشلے بارٹی نے صرف 25 سال کی عمر میں ٹینس چھوڑنے کا اعلان کر کے کھیل کی دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ آسٹریلوی کھلاڑی نے بدھ کو سوشل میڈیا پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے دوسرے خوابوں کی تکمیل کے لیے ٹینس کے کھیل سے رخصت لے رہی ہیں۔ بارٹی نے فرنچ اوپن، آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن چیمپئن شپ ٹائٹل جیتے جبکہ یوایس اوپن کا ویمنز ڈبلز ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ذہنی طور پر بہت تھک چکی ہوں اور جسمانی طور پر اب مزید ہمت نہیں رہی ہے۔ وہ بہت خوش ہیں اور اس فیصلے کے لیے تیار ہیں، اس وقت ایک انسان کے طور پر میرا دل کہہ رہا ہے یہ فیصلہ ٹھیک ہے۔ میں جانتی ہوں کہ لوگ شاید یہ بات نہیں سمجھیں گے لیکن میں اس پر خوش ہوں۔ کیونکہ میں جانتی ہوں کہ ایش بارٹی کے بہت سے خواب ہیں اور وہ انھیں پورا کرنا چاہتی ہے اور اس کے لیے دنیا بھر میں سفر کرنے کی ضرورت نہیں، اپنے خاندان، اپنے گھر سے دور جانے کی ضرورت نہیں کیونکہ میں ہمیشہ سے وہاں رہنا چاہتی ہوں۔ ایش بارٹی نے تین مرتبہ سنگلز مقابلوں میں گرینڈ سلم اور رواں برس جنوری میں ہونے والے آسٹریلین اوپن کے مقابلے جیت رکھے ہیں۔ وہ ملک کی پہلی کھلاڑی ہیں جنھوں نے 44 برسوں میں آسٹریلین اوپن کے سنگلز مقابلے کا ایونٹ اپنے نام کیا ہے۔ بارٹی کے اس غیر متوقع فیصلے پر سب حیران ہیں ۔ ان کے فیصلے پر کئی ساتھی پلیئرز نے حیرت اور مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ان میں کیرولینا پلسکووا، سائمونا ہالیپ، اینڈ ی مرے،اینڈی راڈک، پیٹرا کوویٹوا ودیگر شامل ہیں۔

اسپورٹس سے مزید