• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کے 4نئےتھانوں میں سے تین کیلئے جگہ کا انتخاب

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے 4 نئے پولیس سٹیشنوں میں سے تین کے لئے جگہوں کا انتخاب کرلیاگیا۔ حکومت پنجاب نے حال ہی میں ضلع راولپنڈی میں چارنئے تھانوں کے قیام کی منظوری دی تھی ان میں تحصیل مری میں دونئے پولیس سٹیشن تھانہ نیومری اورتھانہ پھگواڑی جبکہ تھانہ صدربیرونی کے علاقہ میں تھانہ دھمیال اورتھانہ چونترہ کے علاقہ میں تھانہ چکری شامل ہیں ،ذرائع کاکہناہے مری میں دونوں نئے پولیس سٹیشنوں کے لئے کرائے کی عمارتوں کاانتخاب کرلیاگیا ۔ تھانہ نیومری کیلئے سوراسی روڈپرایک بلڈنگ رینٹ پرلی جارہی ہے جومین بازارکے نزدیک واقع ہے اس عمارت میں 8کمرے جن کے ساتھ اٹیچ واش روم ہیں اورایک بڑاہال ہے جب کہ تھانہ پھگواڑی کے لئے مین پھگواڑی سے دوکلومیٹرکے فاصلے پرایک عمارت منتخب کی گئی ہے جس میں 10کمرے اورتین بڑے ہال ہیں ان دونوں عمارتوں کے مالکان سے معاہدہ کیاجارہاہے جبکہ دونوں پولیس سٹیشنوں کے لئے فرنیچر،کمپیوٹرزاوردیگرسامان کے لئے سی پی اوراولپنڈی کوباقاعدہ درخواست دے دی گئی ہے۔توقع ہے کہ اپریل میں یہ دونوں تھانے کام شروع کردیں گے ،ادھرمعلوم ہواہے کہ تھانہ دھمیال کے لئے صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت کی جانب سے بسکٹ فیکٹری دھمیال کے قریب پنجاب حکومت کی ملکیتی اراضی راولپنڈی پولیس کودینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جہاں انہوں نے اپنے فنڈزسے عمارت کی تعمیرکرانے کابھی وعدہ کیاہے جب کہ تھانہ چکری کے لئے مناسب کرائے کی عمارت تلاش کی جارہی ہے ،ذرائع کاکہناہے کہ ایس پی کوہسارکے دفترکے لئے مری امپرومنٹ ٹرسٹ کی بلڈنگ میں دوکمرے حاصل کئے گئے جہاں تزئین وآرائش کاکام جاری ہے ۔
اسلام آباد سے مزید