ملتان (سٹاف رپورٹر )ملک بھر کی طرح شہر اولیاء میں بھی یوم پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی اور پریڈ کی مرکزی تقریب ہوئی ۔ صبح 9 بجے سائرن بجا کر پولیس،ریسکیو اور سول ڈیفنس کے چاق و چوبند دستوں نے پرچم کو سلامی پیش کی۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد،ریجنل پولیس آفیسر جاوید اکبر ریاض نے تقریب کی صدارت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیے۔سی پی او ملتان خرم شہزاد،اراکین اسمبلی مظہر عباس راں،خالد جاوید وڑائچ اور سول سوسائٹی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔آئی ایس او ملتان شعبہ سکاوٹنگ کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر پاک فوج کےشہداء کو اسکاوٹس نے سلامی کرکے خراج تحسین پیش کیا۔ سابق ایم پی اے اور ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن شعبہ خواتین مسز خولہ امجد کی رہائش گاہ پر یوم پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ضلعی صدر شعبہ خواتین مسز روبینہ خلیل،جنرل سیکرٹری مسز خولہ امجد و دیگر خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔ تنظیم شہری دفاع، ہیلپرزبزنس فورم، قومی امن کمیٹی، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کینٹ سول سوسائٹی کے زیراہتمام لالک جان شہید چوک پر یوم پاکستان کےسلسلہ میں " شادرہےپاکستان" واک کی گئی ۔ مسلم لیگ فنکشنل کے زیراہتمام یوم قرار داد پاکستان کی تقریب ہوئی جس کی صدارت الحاج محمد اشرف قریشی نے کی ۔ پاکستان سنی تحریک ملتان سٹی کے زیر اہتمام کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت پیر سید ارشاد گیلانی،خواجہ ندیم مدنی صدیقی نے کی۔ سابق ممبر ضلع کونسل ملتان وجوائنٹ سیکرٹری لیبرونگ پنجاب میاں محمد رزاق کی رہائش گاہ پر تقریب کی صدارت سابق وزیر پنجاب چوہدری عبدالوحید اراہیں نے کی۔ پاک سرزمین پارٹی کے تحت پارٹی کے چھٹے یوم تاسیس اور قرار داد پاکستان کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی ۔