کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے منیجر خواجہ جنید نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں ہمارا اصل ہدف وکٹری اسٹینڈ ہے۔ اسی طرح ہمیںورلڈ کپ میں رسائی مل سکے گی۔ ایشیا کپ مشکل ایونٹ ہے، جس میں بھارت اور جاپان جیسی مضبوط ٹیم سے سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کا دورہ فائنل ہونے سے کھلاڑیوں کو فائدہ ملے گا، ایشیا کپ کے لئے ہمارے کھلاڑیوں کو انٹر نیشنل میچز کی ضرورت ہے، بدقسمتی ہے کہ ہم کئی سالوں سے ہاکی کے عالمی مقابلوں سے محروم ہیں، پچھلے چھ ماہ میں ہم نے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس کے ساتھ پنالٹی کارنر میں مہارت کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ہمیں اچھے اور بڑے میچوں کی ضرورت ہے جس کے بغیر ہم اچھے ٹائٹل نہیں جیت سکتے۔