• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لائن کے حملوں سے پاکستانی دفاعی حصار مسمار، آسٹریلیا کامیاب، لاہور ٹیسٹ اور سیریز جیت لی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر/ اسپورٹس ڈیسک) کینگروز نے 24سال بعد لاہور ٹیسٹ میں پاکستانی شاہین کو شکار کرتےہوئے115رنز کی بڑی فتح کے ساتھ تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز1-0سے جیت لی ۔ اسپنر نیتھن لائن اور پیٹ کمنز کے حملوں نے پاکستان کا دفاعی حصار مسمار کردیا۔ پیٹ کمنز مین آف دی ٹیسٹ اور عثمان خواجہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔بینو قادر ٹرافی میں اس سے قبل پنڈی اور کراچی ٹیسٹ ڈرا ہوگئے تھے۔ جمعرات کی دوپہر کمنز نے اپنی دوسری اننگز 227 رنز پر ڈیکلیئر کرکے ہوم ٹیم کو 351 رنز کا ہدف دیا تھا ۔ لاہور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان بیٹنگ لائن کے یکایک ڈھیر ہوجانے کے بعد پیٹ کمنز کو یقین تھا کہ ان کے بولرز ہوم سائیڈ کو ہدف حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ پوری سیریز میں اب تک ناکام رہنے والے اسپنر نیتھن لائن کی ساکھ بھی دائو پر لگی ہوئی تھی۔ لیکن انہوں نے میچ کی چوتھی اننگز میں بولرز کے پیروں سے بننے والے نشانات کا فائدہ اٹھایا اور پاکستان کے نصف بیٹنگ لائن کا ٹھکانے لگاکر اپنی افادیت بھرپور اندازسے ثابت کردی۔ کپتان پیٹ کمنز نے بھی پہلی اننگز میں پانچ وکٹ لے کر اپنی فارم جاری رکھی اور دوسری باری میں مزید تین شکار کیے۔ گرین کیپس نے کھیل کے تیسرے سیشن میں آخری پانچ وکٹ 22رنز پر گنوائے۔پاکستان کی میچ بچانے کی امیدیں بابر اعظم سے وابستہ تھیں لیکن انہیں چائے کے وقفے کے بعد لائن کی گیند پر اسٹیو اسمتھ نے سلپ میں شاندار کیچ لے کر باہر کردیا، اس کے ساتھ ہی کینگروز کی فتح محض رسمی کارروائی رہ گئی تھی۔ جمعہ کو پانچویں دن کھیل کا آغاز پاکستان کیلئے متاثر کن نہیں رہا، دن کے چوتھے ہی اوور میں اوپنر عبداللہ شفیق پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان دونوں اننگز میں ناکام رہے پہلی اننگز میں ایک رن بنانے کے بعد دوسری اننگز میں کوئی رن نہ بناسکے، کپتان بابر اعظم نے55رنز بنائے انہوں نے 104گیندوں کا سامنا کیا167منٹ وکٹ پر قیام کے دوران انہوں نے چھ چوکے بھی لگائے، امام الحق نے199گیندوں پرسب سے زیادہ 70رنز اسکور کئے جس میں پانچ چوکے بھی شامل تھے،جمعے کو لاہور ٹیسٹ کے پانچویں روز پاکستان کے بیٹسمین مہمان بولرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم235 پر ہی ڈھیر ہوگئی، پاکستان کی جانب سے امام الحق70اور کپتان بابر اعظم 55رنز کے ساتھ نمایاں رہے،جمعے کو پاکستان نے بغیر نقصان کے 73 رنز پر اپنی اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلے سیشن میں ہی عبد اللہ شفیق 27 رنز پر پویلین واپس چلے گئے ، اظہر علی بھی زیادہ دیر پچ پر نہ ٹھہر سکے۔اظہر علی کو لائن نے 105 کے ٹوٹل پر صرف 17 رنز پر آئوٹ کردیا بعد ازاں امام الحق 70 اور فواد عالم 11 رنز بناکر جب کہ محمد رضوان 0 پر آؤٹ ہوگئے۔ ساجد خان اور بابر اعظم کے درمیان پارٹنر شپ بھی کچھ دیر ہی چل سکی اور بابر اعظم 55 رنز جب کہ ساجد 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ ساجد خان کے بعد آنے والے حسن علی 13 اور شاہین آفریدی ایک رن پر آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے نسیم شاہ کی وکٹ اڑا کر ٹیم کو فتح دلوائی اور اس طرح آسٹریلیا نے میچ 115 رنز سے جیت لیا۔

اسپورٹس سے مزید