اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن شانگلہ، محمد ظاہر خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو 28 مارچ کو شانگلہ میں جلسہ نہ کرنے کا نوٹس جاری کر دیا۔ ضابطہ اخلاق کی رو سے کوئی پبلک آفس ہولڈر انتخابی مہم میں شرکت نہیں کر سکتا۔ نیز بلدیاتی انتخابات میں جلسہ جلوس اور کار ریلی نکالنے پر پابندی ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو آج (اتوار کو) لوئر دیر میں جلسہ نہ کرنے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرا مرحلے میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا تیمر گرہ لوئر دیر میں 27 مارچ کو مجوزہ جلسہ عام سے خطاب ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔