• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IBA کیمپس، مخصوص طلبا کی محفل، نیم برہنہ لباس، رقص و غیر اخلاقی حرکتیں، تحقیقات شروع

اسکرین گریب
اسکرین گریب

کراچی (سید محمد عسکری) انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کے جامعہ کراچی کیمپس میں مخصوص طلباء کی محفل میں نیم برہنہ لباس پہن کر رقص اور غیر اخلاقی حرکتیں کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہے۔

 آئی بی اے کی انضباطی کمیٹی ایک ہفتے بعد رپورٹ دے گی ، اساتذہ اور المنائی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی محفل شرمناک اور معاشرتی اقدار کے منافی ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی میں کچھ طلبہ کی جانب سے رقص و سرور کی محفل منعقد کرنے اور غیر اخلاقی حرکات کرنے اور ہم جنس پرستی پر مبنی حرکتیں کرنے پر آئی بی اے کی انضباطی کمیٹی نے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

 یہ تحقیقات ایک ہفتے میں مکمل ہوگی جس کی روشنی میں ذمہ داروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس پروگرام کی ایک قابل اعتراض ویڈیو سامنے آئی جس میں طلبہ کی ایک مخصوص تعداد آئی بی اے کے جامعہ کراچی کیمپس میں ایک محفل میں نیم برہنہ لباس میں شریک ہوئے۔

غیر اخلاقی حرکتیں کیں اور رقص کیا جس کے بعد آئی بی اے اساتذہ اور المنائی کی جانب سے انتظامیہ کو بڑی تعداد میں ای میل کی گئی ہیں جس میں اس محفل کی سخت مذمت کرتے ہوئے معاملے پر سخت کارروائی کا مطالبہ سامنے آرہا ہے جبکہ خود سوشل میڈیا پر آئی بی اے المنائی اور دیگر نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے اور اس واقعہ کو شرمناک قرار دے کر ملکی معاشرتی اقدار کے منافی کہا گیا ہے۔

 آئی بی اے کراچی کے ذمہ دار ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ اس غیر اخلاقی حرکت پر پروفیسر کی سربراہی میں انظباطی کمیٹی ایکشن میں آچکی ہے اور ایک ہفتے میں رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید