اوکاڑہ(نمائندہ جنگ)اپوزیشن جماعتوں کی قیادت نے باہمی روابط سے آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے حکمت عملی طے کر لی جس کے مطابق اپوزیشن بینچز تحریک عدم اعتماد کو ہر آئینی اور قانونی طریقے سے ایجنڈے پر لانے کی کوشش کریں گے ،اس سلسلہ میں ضرورت پڑنے پر قانون کے دائرے میں بھر پور احتجاج کی تیاریاں بھی کر لی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قائدین اس بات پر بھی بھرپور اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں کہ عمران خان کے پریڈ گراونڈ جلسہ میں اتحادیوں میں سے صرف شیخ رشید اور فہمیدہ مرزا شریک ہوئیں، اپوزیشن ذرائع کے بقول قومی اسمبلی میں ارکان کی بڑی تعداد رکھنے والی حکومتی اتحادی جماعتیں دعوت کے باوجود وزیر اعظم کے جلسہ میں شریک نہیں ہوئیں،اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز اپوزیشن بینچوں کے تمام ارکان کو ہر صورت ایوان میں پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے، سپیکر کی طرف سے اسیر ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر عدالت سے رجوع کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے،میاں نواز شریف نے شاہ زین بگٹی کے وفاقی کابینہ سے استعفی دے کر اپوزیشن بینچوں پر آنے اور تحریک عدم اعتماد کو سپورٹ کرنے کے اعلان کو اپوزیشن کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔