اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل سرپرائز آنا شروع ہوگئے ‘اپوزیشن کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کی‘ ملاقات میں تمام معاملات طے پاگئے۔
فرخ حبیب نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ (ق) لیگ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہاراور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کردیا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے پرویزالٰہی کو پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنے فیصلہ لیا ہے۔
ادھرمعاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار کے طور پر سپورٹ کرے گی اور مسلم لیگ (ق)نے عدم اعتماد میں وزیراعظم کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
دریں اثناءتحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاویدکا کہنا ہے کہ معاملات طےپاگئے ! یہ بازی کپتان ہی جیتے گا، ایک گیند سے تین وکٹیں، اسکا کریڈٹ قوم کو جاتا ہے‘عدم اعتماد کی سازش ناکام ‘عثمان بزدار نے کہا کہ ان کیلئے اپنی وزارت اعلیٰ اہم نہیں‘عمران خان اہم ہیں، پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لیے پرویز الٰہی ۔
ایک اور بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت کہیں نہیں جارہی، حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہونے جا رہی ہے، اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں شکست ہو رہی ہے.
انشاء اللہ کامیابی وزیراعظم عمران خان کی ہے‘عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد وزیراعظم عمران خان اس قوم کو مزید خوشخبریاں دیں گے،جلد ہم جشن منائیں گے۔
قبل ازیں اپوزیشن کی طرف سے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔
عدم اعتماد کی تحریک 127 اراکین اسمبلی کے دستخطوں سے سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کے پاس ان کے آفس میں جمع کروائی گئی۔
اپوزیشن نے 120 اراکین اسمبلی کے دستخطوں سے اجلاس کی ریکوزیشن بھی جمع کروائی۔ سیکرٹری محمد خان بھٹی نے بتایا کہ تحریک عدم اعتماد اور اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن موصول ہو گئی ہے۔
قواعد و ضوابط کے مطابق تحریک عدم اعتماد اور اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن اسپیکر کو پیش کریں گے۔