اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ٹی وی رپورٹ ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انکی بندوق کے نشانے پر عمران ہیں، وہ اس سے وزیراعظم کا عہدہ خالی کرانا چاہتے ہیں، اپوزیشن کے پاس تحریک عدم اعتماد کیلئے نمبرز نہ صرف پورے بلکہ پلس میں ہیں، عمران خان مذہبی کارڈ استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، ان کی ریاست میں وزراء گالیاں دیتے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا رول غیرجمہوری رہا ہے ہم اسکی مذمت کرتے ہیں، اب سات روز کے اندر عدم اعتماد کی ووٹنگ ہونی چاہئے، عمران خان کے بھاگنے اور بچنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے، وزیر اعظم کے بعد صوبوں کی طرف توجہ دینگے، مذہب کارڈ استعمال نہیں کرنا چاہئے، مذہب کوئی کارڈ نہیں یہ ذاتی ایشو ہے،سیاست کو مذہب سے نتھی نہیں کر سکتے، جب یہ حکمران اپنے وعدے پورے نہیں کرتے تو مذہب کا کارڈ استعمال کرتے ہیں، انہوں نے کہا وزیراعظم اور وزراء مذہب اور ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں اور ساتھ گالی بھی دیتے ہیں، وزیراعظم جا رہے ہیں اور ساتھ جھوٹ بول رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں تمام پارٹیوں کیساتھ ملکر کام کریں، عمران خان کی حکومت ختم ہو چکی ہے، ایم کیو ایم فیصلہ خود اور وقت پر کرے گی۔