راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے )حکومت نے عوامی اہمیت کےحامل راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کیلئے 4ہزار ملین روپے کی گرانٹ جاری کر دی ۔ رواں مالی سال 2021-22ء کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی گئی ہےجس میں لئی ایکسپریس وے کیلئے بھی تقریباً اڑھائی کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اس رقم میں سے ایف ڈبلیو او کو پہلے دس فیصد موبلائزیشن ایڈوانس جاری کیا جائے گا اور پھر جلد ہی پانچ فیصد مزید رقم اس مد میں جاری کی جائے گی۔ رنگ روڈ منصوبے کا کام ایف ڈبلیو او کو الاٹ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایف ڈبلیو او حکام نے منصوبے پر جلد سے جلد کام شروع کرنے کیلئے مختلف مقامات پر جگہ کرایہ پر لینے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں جہاں پر میٹریل ڈمپ کیا جائے گا ، پنجاب حکومت زمین ایکوائر کرنے کیلئے پہلے ہی رقم جاری کر چکی ہے اور اب پنجاب حکومت کی طرف سے چار ہزار ملین روپے کی گرانٹ جاری کی گئی ہے ، واضح رہے کہ بانٹھ تا ٹھلیاں 38اعشاریہ 3کلومیٹر منصوبہ ایف ڈبلیو او مکمل کریگی، ادھر حکومت نے لئی ایکسپریس وے منصوبے کی پری فزیبلٹی سٹڈی وغیرہ کیلئے بھی 23اعشاریہ 745ملین روپے کی گرانٹ جاری کی ہے۔