راولپنڈی(خبر نگار خصوصی)مسلم لیگ (ن) کی جانب سے گزشتہ روز راولپنڈی میں مریم نواز شریف کے جلسہ میں شرکت کے لیئے بڑی تعداد میں ریلیاں نکالی گئیں جو مری روڈ سے ہوتی ہوئیں اسلام آباد کی جانب رواں دواں رہیں ۔مری روڈ پر مریڑ چوک سے فیض آباد تک استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئےتھے ۔ ریلیوں میں مسلم لیگ(ن) کے ورکرز نے بڑی تعدا میں شرکت کی۔ شرکاء موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں سوار ہو کر ریلیوں میں شامل ہوئے ۔ریلوں کے باعث مری روڈ پرٹریفک جام رہا۔ محمد حنیف عباسی،سٹی صدر سردار نسیم،شیخ ارسلان،حاجی پرویز،راجہ حنیف،ضیاء اللہ شاہ،شکیل اعوان اور یاسر بٹ کی قیادت میں بھی کارواں کی صورت میں ریلیاں نکالی گئیں ۔ یہ ریلیاں مری روڈ سے ہوتی ہوئیں مریم نواز شریف کے جلسے میں شامل ہونے کے لئےاسلام آباد کی طرف روانہ ہو گئیں۔ مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ پی پی 18کی صدر شازیہ رضوان اور سابق ایم پی اے پی پی 18ضیاء اللہ شاہ کی قیادت میں خیابان سرسید سےریلی نکالی گئی۔ دوسری جانب مسلم لیگ(ن)کے رہنماء سابق چیئرمین لطیف زر خان اوروائس چیئرمین سفیر کھوکھر کی قیادت میں چونگی نمبر 4 سے ریلی نکالی گئی ۔مسلم لیگ(ن) کے سابق چیئرمین شیخ ارشداور سابق وائس چیئرمین یامین کیانی کی قیادت میں بھی جامع مسجد روڈ بنی چوک سے نکالی گئی ریلی میں مسلم لیگ(ن) اور میاں محمد نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ریلی جامع مسجد روڈ سے شروع ہو کر مری روڈ سے ہوتی ہوئی فیض آباد کی طرف روانہ ہو گئی ۔مریڑ چوک سے مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کی جانب سے ریلی نکالی گئی ۔