اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کو 3 بار وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا لیکن انہوں نے ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی،نہ کسی پر جھوٹے الزام لگائے.
اس سے زیادہ ملکی سلامتی کیلئے خطرناک بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ ملک کا وزیراعظم اپنا اقتدار بچانے کے لیے جھوٹی سازشوں کا ڈرامہ کر کہ ملک کا تماشہ بنا دے؟ ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر بیان میں مریم نواز نے کہا کہ سابق جعلی وزیراعظم آپ تو سب سے بڑے عالمی لیڈر تھے؟ کبھی سعودی عرب،ایران کے درمیان ثالثی،کبھی روس یوکرائن کے درمیان ثالثی،یہ اچانک کیا ہوگیا کہ آپ کیخلاف سازش ہوگئی ؟
آپ تومغرب کے چہیتے تھے نا؟ اقتدار جاتا دیکھ کر پاکستان کی سلامتی سے کھلواڑ مت کرو، سبز ہلالی پرچم پر 35 ٹانکے مت لگاو ۔ مریم نواز نے کہا کہ تمہارے ہاتھ میں اقتدار بندر کے ہاتھ میں استرا ہے۔خود کو بھی زخمی کر رہے ہو اور پاکستان کو بھی،کل تک تم عدم اعتماد کی دعائیں مانگتے تھے،آج اسے غیر ملکی سازش کہہ رہے ہو؟ حواس پر قابو رکھو، پاکستان کو دنیا بھر میں رسوا نہ کرو، اور اسکی سلامتی سے مت کھیلو۔
مریم نواز نے کہا کہ کسی ملک یا قوم کیلئے اس سے زیادہ خطرناک اور بدقسمتی کی بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ انکے مستقبل اور تقدیر کے فیصلے عمران جیسے احمق اور جاہل انسان کریں۔
انہوں نے کہا کہ جتنے خطرناک نتائج تمہارے وزیراعظم رہنے سے اس ملک نے بھگتے ہیں، اْن سے زیادہ کا تو تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔