کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال لیٹر گیٹ کا معاملہ، کیا وزیراعظم کو سیاسی قیادت کو خط دکھانا چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ وزیراعظم کو ملنے والا خط چیف جسٹس پاکستان کو دکھانا کوئی قانونی یا سنجیدہ قدم نہیں ہے.
وزیراعظم اپوزیشن قیادت کو خط کیو ں دکھائیں جبکہ وہ خود فریق ہیں، حکومت اگر چیف جسٹس کو یہ خط دکھانا چاہتی ہے تو اس میں کیا مسئلہ ہے.
ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ یہ منحرف اراکین ڈی سیٹ ہو کر اگلے الیکشن میں کسی دوسری پارٹی سے ٹکٹ لے کر پارلیمان میں آجائیں گے۔
ریما عمر نے کہا کہ وزیراعظم کو ملنے والا خط چیف جسٹس پاکستان کو دکھانا کوئی قانونی یا سنجیدہ قدم نہیں ہے، کیا چیف جسٹس خط دیکھنے کے بعد ہدایات جاری کردیں گے کہ کوئی پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہ کرے.
وزیراعظم نے جلسے میں جو خط لہرایا وہ حکومت کو پارلیمنٹ میں لانا چاہئے، حکومت کا خطوط کو لے کر ریکارڈ بہت خراب ہے، ایسے خطوط یا تو موجود ہی نہیں ہوتے یا جعلی ہوتے ہیں۔