لندن (مرتضیٰ علی شاہ) عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین کے درمیان رابطے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رابطوں میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر مشترکہ امیدوار لانے کے لئے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے درمیان رابطے ہوئے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے اس نمائندے کو معلوم ہوا ہے کہ ن لیگ اور ترین گروپ کے درمیان پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین کے درمیان فون پر تقریباً آڈھا گھنٹے بات ہوئی۔ جس میں پاکستانی کی حالیہ سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔ دونوں کے درمیان پنجاب اسمبلی اور مرکز میں ممکنہ تعاون کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔