کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ایک انٹرویو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کو کئی مرتبہ کہا کہ جلسے میں بلٹ پروف شیشہ لگانے دیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہاکہ جب میری موت لکھی ہوگی چلا جاؤں گا، عمران خان کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے، ان کو قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم دلیر ہیں، ملک کا سودا نہیں کریں گے، وزیر اعظم قوم کو جھکنے نہیں دیں گے ڈالر نہیں لے گے ، کہیں اڈے نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو ملک کو لیڈ کرتے آئے ہیں وہ ان ہی لوگوں کا سرمایہ ہوتے ہیں، ظاہر ہے جو ان لوگوں کا سرمایہ ہوتے ہیں وہ ان کے لیے ہی کام کرتے ہیں، ملک میں جو آج تماشہ لگا ہے اچانک کیوں کہ لگا، سب ایک ہوگئے ہیں، بیرونی آقاؤں کے حکم پر ہماری خارجہ پالیسی تبدیل کر دی جاتی تھی۔