• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی سلامتی اورخودمختاری میں پاکستان کی مدد کریں گے،چین

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)چین نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت، اور قومی وقار کے دفاع میں حمایت کااعلان کر دیا ہے۔چینی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ چھوٹے ، درمیانے ممالک سرد جنگ کا ہتھیار نہیں بنیں گے ہمیشہ کی طرح پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کی حفاظت میں اس کی مدد کریں گے، چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست اور مضبوط ترین حامی ہے۔ادھر چینی وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے چین میں ملاقات ہوئی ہے، ترجمان چینی وزارت خارجہ نے اس ملاقات کے حوالے سے بیان میں کہا کہ گریٹ پاور گیم میں خطے کے چھوٹے ممالک نشانہ نہیں بننے چاہیئں۔ چینی وزارت خارجہ نے خطے میں روس اور یوکرین جنگ کے تناظر میں کہا کہ چھوٹے اور درمیانے ممالک سرد جنگ کا ہتھیار نہیں بنیں گے۔چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ ہم سرد جنگ کے دور کی سوچ کو دوبارہ پروان چڑھنے نہیں دیں گے، ایشیائی ممالک میں محاذ آرائی والی کیفیت کو نہ دہرایا جائے، چھوٹے اور درمیانے ممالک کو سرد جنگ کا ہتھیار نہ بنایا جائے۔دریں اثنااسلام آباد میں چینی سفارتخانے کے ترجمان نے جمعرات کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فریقین نے 15 ارب یوآن قرض کی تجدید پر قریبی اور دوستانہ مشاورت کو برقرار رکھا ہوا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز ہوانگ شن میں چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے بعد کہا کہ چین نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کا قریبی اتحادی ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
ملک بھر سے سے مزید