• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین اور اسحاق ڈار کی لندن میں2 گھنٹے ملاقات

لندن (مرتضی علی شاہ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین اورن لیگی رہنما اسحاق ڈار کے درمیان جمعہ کی شام لندن میں ملاقات ہوئی جو کہ ایک بڑی سیاسی پیش رفت ہے،اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین کی ملاقات پارک لین ہوٹل میں ہوئی، ان کے ساتھ دو دیگر افراد بھی تھے جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔دی نیوز کو ملاقات کے بارے میں دو معتبر ذرائع سے معلوم ہوا جواس وقت ہوٹل میں موجود تھے جب ترین دو دیگرافراد کے ساتھ پہنچے، اس کے تقریباً 25 منٹ بعد اسحاق ڈار ایک شخص کےہمراہ وہاں آئے۔ملاقات کے وقت جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بھی اسی ہوٹل میں دیکھا گیا،معتبر ذرائع نے بتایا کہ ترین، ڈار اور دیگر نے تقریباً دو گھنٹے تک بات چیت کی، ناشتہ کیا اور پھر چلے گئے،ملاقات کے اختتام پر اسحاق ڈار کو اپنی گاڑی کی طرف جاتے دیکھا گیا جبکہ ترین سیون اسٹار ہوٹل میں قیام پزیر تھے۔ ملاقات سے یہ خیال کیا جارہا ہے فریقین نے اتوار کو ہونے والے عدم اعتماد کے ووٹ اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا،ابھی تک کچھ بھی طے نہیں ہوسکا لیکن امید ہے کہ ترین مستقبل میں ن لیگ کے ساتھ کام کریں گےجیسا کہ انہوں نے کہا ہے کہ تمام آپشنز کھلے ہیں۔دی نیوز نے دو روز قبل انکشاف کیا تھا کہ اسحاق ڈار اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر خان ترین کے درمیان فون پر بات ہوئی ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی تھی کہ اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین نے تقریباً آدھے گھنٹے تک فون پر بات کی تھی جس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی اور مرکز میں تعاون کے ممکنہ طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید