اسلام آباد (جنگ رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ آج اتوار اپوزیشن کو سرپرائز ملے گا، سننے میں آرہا ہے کہ ان میں پریشانی بڑھ رہی ہے۔
اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم غلام نہیں آزاد ہے اور انشااللّٰہ آزاد رہے گی، غلامی کی سوچ ان کی ہوتی ہےجن کے اپنے آقائوں سے مفادات وابستہ ہوتے ہیں، آج اتوار کو پوری قوت سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، 2022 پاکستان کی عظمت و بلندی کا وہ سفر شروع ہوگا جس پر دنیا فخر کرے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب کے سامنے تحریک انصاف اسلام آباد کے سینئر رہنماوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرعلی نواز اعوان، راجہ خرم نواز بھی موجود تھے۔
اسد عمر نے کہا کہ ملک میں ایک انتشار نظر آرہا ہے، ہو کیا رہا ہے؟ ملک کے فیصلے یہاں کے عوام نے کرنے ہیں؟ یا چند بے ضمیر سیاست دانوں نے؟، کہا گیا کہ پاکستان نے جو پالیسی اپنائی ہے، اس سے یورپ اور دیگر ملک ناراض ہو جائیں گے، بوٹ پالش کرنے والے کہتے ہیں کیا ضرورت تھی ابیسلوٹلی ناٹ کہنے کی، عمران خان وہ بات کرتا ہے جو ملک کے مفاد میں ہوتی ہے، آپ دیسی ہی نہیں بلکہ ولایتی بوٹ بھی پالش کرنے کو تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف آپ نے قوم کو بھکاری کہا آپ بھکاری ہوں گے قوم نہیں، آج تحریک انصاف کے ایم این ایز بھر پور انداز میں قومی اسمبلی میں پہنچیں گے، وقت آگیا کہ قوم وہ بننے جا رہی ہے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔