پشاور ( وقائع نگار )ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے پشاور کے مختلف علاقوں میں قائم رمضان سستا بازاروں کااچانک دورہ کیا۔ انھوں نے مختلف سٹالوں کا جائزہ لیا اور اشیاء خوردونوش کی دستیابی اور ان کی قیمتوں کابھی معائنہ کیا۔ انھوں نے موقع پر موجود سٹاف کو رمضان سستا بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی دستیابی، معیار ، وزن اور مقرر کردہ نرخوں پر اشیاء کی فروخت کی مکمل نگرانی کرنے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر پشاورنے اس موقع پر خریداروں سے بھی ملاقات کرتے ہوئے قیمتوں اور کوالٹی کے متعلق آگاہی حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ کے مطابق رمضان سستا بازاروں میں عوام کی سہولت کے لیے رعایتی نرخوں پر ضروری اشیاء خوردونوش سرکاری نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ انتظامی افسران کی نگرانی میں متعلقہ افسران رمضان سستا بازاروں میں موجود ہوتے ہیں تاکہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اس کے ساتھ عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے پشاور کے مختلف علاقوں میں 18 میگا مالز / بڑے سٹوروں میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء خوردنوش کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے رمضان سہولت کائونٹر قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان کائونٹرز کو قائم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ تمام طبقات کے لوگ رمضان کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔پشاور میں مشتاق چائے سٹور ہشتنگری، اسامہ سپر سٹور گلبہار، گیلانی مارٹ دلہ زاک روڈ، زاہد جنرل سٹور دلہ زاک روڈ، فورسیزن مارٹ کینال روڈ، گولڈن سٹور یونیورسٹی ٹائون، سٹی ہائپر سٹار حیات آباد، سمارٹ کئیر حیات آباد، حریم مارٹ باڑہ روڈ ، دوبئی میگا مارٹ جی ٹی روڈ، طیبہ مارٹ جھگڑا سٹاپ ، ہائپر مال رنگ روڈ، انسپائر مارٹ رنگ روڈ، شاہین مارٹ چارسدہ روڈ، سپیڈ مارٹ چارسدہ روڈ، انٹر مارٹ ورسک روڈ اور سرینا مارٹ ورسک روڈ میں رمضان سہولت کائونٹر بنائے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران پشاور کے دیگر بازاروں سمیت رمضان سہولت کائونٹر کا بھی مسلسل معائنہ کریں گے تاکہ عوام کو رمضان میں ریلیف دیا جا سکے