راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کوبدترین ٹریفک جام رہا ۔ شہرکی مرکزی شاہراہ مری روڈسمیت ملحقہ سڑکوں پرگاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ ویک اینڈ اوررمضان المبارک سے ایک روزقبل اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لئے لوگوں کی بڑی تعدادنے بازاروں اورمارکیٹوں کارخ کیا ، شہرکے رہنے والوں کے علاوہ گاؤں دیہات اوردیگرمضافاتی علاقوں سے بھی بڑی تعدادمیں خریداروں کے راولپنڈی کے تجارتی مراکزراجہ بازار،نرنکاری بازار،نمک منڈی ،گندم منڈی اور دیگربازاروں میں آنے سے شہرمیں ٹریفک کانظام درہم برہم ہوگیا اوراس دوران مری روڈسمیت شہرکی اکثرسڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثرہوئی اوریہ سلسلہ شام تک جاری رہا۔ آرمی سٹیڈیم مال روڈچوک سے کمیٹی چوک تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں جب کہ دوسری جانب چاندنی چوک،رحمان آباد، کمرشل مارکیٹ ،وارث خان سٹاپ ،سرکلرروڈ،کوہاٹی بازار،جامع مسجدروڈ،اقبال روڈ،راجہ بازار،سٹی صدرروڈ،کامران مارکیٹ روڈ،کشمیرروڈ،گوالمنڈی ،لیاقت روڈ،کالج روڈ،بوہڑبازاراوردیگرملحقہ سڑکوں پربھی ٹریفک کارش رہا۔ اس دوران ٹریفک وارڈنز ٹریفک کوکنٹرول کرنے میں بے بس دکھائی دئیے ۔ ادھراندرون شہرسڑکوں پر غیرقانونی پارکنگ،فٹ پاتھوں پرچھابڑی والوں کے قبضے اورجگہ جگہ غیرقانونی ریڑھیوں کی وجہ سے شہرمیں ٹریفک کانظام پہلے ہی خراب ہے جب کہ ہرویک اینڈپر معمول سے زیادہ گاڑیوں کے سڑکوں پرآنے سے ٹریفک کے مسائل میں مزیدخرابی آجاتی ہے اورہفتہ کو خریداروں کے اژدھام نے رہی سہی کسربھی پوری کردی اوربعض مقامات پرلوگ کئی گھنٹے ٹریفک میں پھنسے رہے ۔