• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کا اعلان کردیا، پھر اپوزیشن سپریم کورٹ کیوں گئی، عمران خان، ریڈ زون کے باہر احتجاج کا اعلان

اسلام آباد (ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی مداخلت اب واضح ہو چکی ہے‘ ہم ملک میں ہونے والی غداری کے خلاف پیر سے ریڈ زون کے باہر پرامن احتجاج کریں گے ‘۔

قوم کو بھی باہر نکلنا چاہئے ‘ ثابت ہو گیا ہے پی ڈی ایم غیر ملکی قوت کے دبائو پر تحریک عدم اعتماد لائی ہے‘کیا ضمیر خرید کر حکومت بنانا جائز ہے؟۔جب الیکشن کا اعلان کردیا تو اپوزیشن سپریم کورٹ میں کیا کر رہی ہے؟

اپوزیشن اپنے خلاف کرپشن کیسز ختم کرانے کیلئے این آر او ٹو چاہتی ہے‘ منحرف ارکان اورسیاسی وفاداری تبدیل کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالنا چاہئے ‘۔

الیکشن کی تیاری شروع کر دی ہے‘جب تک ملک کا سوچنے والے پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے ملک ترقی نہیں کرسکتا ‘ساڑھے تین سال بہت مشکل سے گزرے‘ ایسے لوگ تھے جو اپنے فائدے کیلئے بلیک میل کرتے رہتے تھے‘ ۔

اس مرتبہ ہم دیکھ بھال کر نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے‘امیدواروں کے خود انٹرویو کروں گا‘بے شک الیکشن ہار جائوں لیکن ٹکٹ صرف ملک کا مفاد سوچنے والوں کو ہی دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ’’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘‘ پروگرام میں عوام کی براہ راست فون کالز کا جواب دیتے ہوئے کیا۔عمران خان نے کہا کہ ساڑھے تین سال سے اپوزیشن کہہ رہی تھی حکومت نا اہل ہے۔

 یہ عوام میں جائیں گے تو عوام انہیں انڈے ماریں گے‘اپوزیشن کے کہنے پر نئے انتخابات کا اعلان کر دیا ہے‘اب وہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں ‘پی ڈی ایم چاہتی ہے کہ وہ ہارس ٹریڈنگ کرکے حکومت بنائے‘۔

عمران خان نے کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں یہ ایسا کیوں چاہتے ہیں، ان کی سب سے بڑی کوشش این آر او لینا ہے، کیونکہ ان پر کرپشن کیسز ہیں، اور یہ ضمانت پر ہیں اور باہر بھاگے ہوئے ہیں، ان کی ساری کوشش یہ ہے کہ اقتدار میں آئیں گے اپنے اوپر کیسز ختم کریں گے اور این آر او ٹو لیں گے۔

اب یہ چاہتے ہیں کہ نیب کو مکمل طور پر ختم کیا جائے ان کے کیسز معاف کیے جائیں اور یہ پھر سے ملک کا پیسہ باہر بھجوانا شروع کریں۔یہ چاہتے ہیں کہ این آر او بھی مل جائے اپنے ایمپائرز بھی کھڑے کردیں اپنے آفسز بھی کھڑے کردیں،۔

الیکشن کمیشن میں بھی اپنے لوگ ڈال دیں۔مجھے خدشہ ہے کہ یہ ای وی ایم مشین اور سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کا حق بھی ختم کرائیں گے۔

ساری زندگی انہوں نے فکس میچز کھلیں ہیں، ان کی پوری کوشش ہے کہ الیکشن کمیشن ، بیوروکریسی اور سارا عملہ تیار کر کے پھر یہ الیکشن لڑیں۔

انہوں نے کہاکہ ایک ہوٹل میں لوگوں کو خرید کر لے جایا جارہا ہے، پنجاب کے لوگوں سے کہا کہ وہ اس ہوٹل کے باہر احتجاج کریں جہاں خرید و فروخت ہورہی ہے ہماری جمہوریت ختم ہوگئی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ جب سے عدم اعتماد کی تحریک آئی ہے سارے ملک میں ایک بحران کا المیہ بنا ہوا ہے۔

اہم خبریں سے مزید