لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں 199 ارکان نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ منتخب کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔قرارداد پاس ہونے پر مریم نواز نے حمزہ شہبازکو گلے لگاکر مبارکباد دی۔ اس دوران مریم نواز آبدیدہ ہوگئیں ۔ جیو نیوز سے گفتگو میں مریم کا کہنا تھاکہ یہ فتح کے آنسو ہیں، خوشی کے آنسو ہیں‘ ان کا کہنا تھاکہ بہت جلد نواز شریف واپس آ رہے ہیں۔وزارت اعلیٰ کے نامزد امیدوار پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نےقرارداد کی منظوری پر طنز کرتے ہوئے کہاہے کہ فلیٹیز ہوٹل کا وزیراعلیٰ بننے پر حمزہ شہباز کو مبارک ہو ۔اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں مریم نوازکا کہنا تھاکہ پاکستان کا پہلا سویلین ڈکٹیٹر ہونے کا اعزاز عمران خان نے حاصل کیا‘عمران خان یہ گیم بری طرح ہار چکا ہے جبکہ حمزہ شہبازنے کہاکہ ملک کی تقدیر اور آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے‘عمران خان کو اب حساب دینا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کیے جانے کے بعد اپوزیشن نے مقامی ہوٹل میں علامتی اجلاس بلایا۔ مقامی ہوٹل میں ہونے والے علامتی اجلاس میں اپوزیشن اتحاد‘جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان گروپ کے ارکان نے شرکت کی ۔ علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ منتخب کرنےکی قرارداد پیش کی گئی جس پرارکان نے کھڑے ہو کر قرارداد کی منظوری دی۔199 ارکان نے قرارداد کے حق میں کھڑے ہو کر حمایت کی۔ اس موقع پر ہال وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے نعروں سے گونج اٹھا۔اس سے قبل مریم نواز بھی حمزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے مقامی ہوٹل پہنچی تھیں۔ اس دوران انہوں نے بس میں بھی ارکان اسمبلی کے ہمراہ سفر کیا اور اجلاس کیلئے مختص ہوٹل گئیں۔متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد حمزہ شہباز اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا پہلا سویلین ڈکٹیٹر ہونے کا اعزاز عمران خان نے حاصل کیا‘ یہ پہلا سویلین حکمران ہے جس نے آئین کو توڑا ہے، اس کو اقتدار میں آنا ذلت سے نصیب ہوا اور اقتدار سے جانازیادہ ذلت سے نصیب ہوا۔