کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خا ن نے بھی جنرل مشرف کی طرح آئین پر شب خون مارا، ترین گروپ کے رہنما نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ہوٹل میں پورا جہانگیر ترین گروپ موجود ہے ہم 14ارکان ہیں، علیم خان بھی اپنے گروپ کے اراکین کے ساتھ موجود ہیں، اس کے علاوہ اسدکھوکھر کا بھی گروپ ہے، صوبے کا وزیراعلیٰ کے بغیر چلنا بہت ہی خطرناک ہے، وزیراعلیٰ کے انتخاب میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں، وزیراعلیٰ کے انتخاب میں تاخیر صوبے کیلئے خطرناک ہے، سپریم کورٹ سے اپیل ہے ایک دو دن میں اس بحران کو ختم کرے،ن لیگ کے رہنما خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ وزیراعلیٰ کیلئے 186ارکان کی ضرورت ہے ہمارے ساتھ 201 ارکان یہاں ہیں،پرویز الٰہی کے ساتھ جو ہورہا ہے وہ ہونا ہی چاہئے تھا، پرویز الٰہی کے سارے لوگ ہمارے ساتھ اجلاس میں بیٹھے ہیں، پرویز الٰہی میں کچھ اخلاقی قدر باقی ہے تو استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ قومی اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر اتنا بااختیار ہے کہ غیرآئینی طور پر تحریک عدم اعتماد مسترد کردیتا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر اجلاس نہیں بلاسکتا، اسپیکر وزیراعلیٰ کا الیکشن لڑرہا ہے تو کیا ڈپٹی اسپیکر اجلاس نہیں بلاسکتا،پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانا ڈپٹی اسپیکر کا آئینی اختیار ہے،پی ٹی آئی حکومت کے سامنے بنانا ری پبلک بھی بہتر لگتی ہے، عمران خان ملک کو افراتفری کی طرف لے جارہے ہیں، اس وقت ملک میں آئینی بحران ہے۔