پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم خیبر پختونخوا کے صوبائی سرپرست اعلیٰ اور بابائے وکلاعالم زیب خان ایڈوکیٹ نے عدالت عظمیٰ کے تاریخی فیصلے کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا تاریخی فیصلہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کی فتح ہے۔ عدم اعتماد اپوزیشن کا آئینی و جمہوری حق ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے ارکان اسمبلی کی اکثریت کی حمایت سے محروم ہونے پر عدم اعتماد کا پارلیمنٹ کے اندر سیاسی طور پر مقابلہ کرنے کی بجائے شکست سے بچنے کے لئے غیر آئینی اقدامات کئے گئے۔ عدم اعتماد تحریک پر ووٹنگ کرانے کی بجائے عدم اعتماد کی تحریک و غیر قانونی قرار دے کر قومی اسمبلی کو تحلیل کردیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کے آمرانہ فیصلوں کے خلاف سیاسی جماعتوں عوام اور وکلا ءنے احتجاج کیا ۔ عدالت عظمیٰ کے تاریخی فیصلہ سے وزیراعظم کے آئین دشمنی جمہوریت دشمن و عوام دشمن عزائم ناکام ہو گئے جبکہ آئین کے تحفظ اور آئین شکنی کو روکنے کے لئے بند باندھ دیا گیا ۔